بنگلہ دیش اور بھارت کے سفارتی تعلقات میں نیا موڑ آگیا، ڈھاکہ نے بڑا سفارتی قدم اٹھا لیا۔
بنگلہ دیش نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہائی کمیشن کی قونصلر اور ویزا خدمات معطل کر دیں۔ نئی دہلی میں قائم بنگلا دیش ہائی کمیشن نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر تمام قونصلر اور ویزا خدمات تاحکمِ ثانی معطل کر دی ہیں۔ ہائی کمیشن کی جانب سےنوٹس بورڈ پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ناگزیر حالات کے باعث یہ خدمات عارضی طور پر بند کی جا رہی ہیں۔
بنگلہ دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس واقعے کے 2 دن بعد سامنے آیا ہے جب کچھ لوگوں نے نئی دہلی میں بنگلہ دیش مشن کے باہر احتجاج کیا تھا۔ بنگلہ دیش کے خارجہ امور کے مشیر توحید حسین کے مطابق انہیں ایسی اطلاعات موصول ہوئیں کہ مظاہرین کی جانب سے ہائی کمشنر ریاض حمید اللّٰہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز چٹاگانگ میں انڈین ویزا ایپلیکیشن سینٹر نے بھی بھارتی اسسٹنٹ ہائی کمیشن کے اطراف سیکیورٹی صورتِ حال کے باعث اپنی سرگرمیاں معطل کر دیں۔
گزشتہ ہفتے ڈھاکہ ، کھلنا اور چٹاگانگ میں بھی احتجاج کے دوران ویزا مراکز جزوی طور پر بند رہے تھے۔ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک کے ہائی کمشنرز کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








