کراچی: سندھ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے کراچی میں ساتویں ضلع کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نئے ضلع کا نام ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کیماڑی ہوگا،کیماڑی ضلع بلدیہ، سائٹ اور کیماڑی سمیت فش ہاربر پر مشتمل ہوگا۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت نے کیماڑی ضلع کے قیام کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔
آئینی درخواست میں رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کراچی کے ضلع کیماڑی کا قیام پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی طرف سے عصبیت کی بنیاد پر عمل میں لایا گیا۔ درخواست گزار کے مطابق ضلع غربی کی 2 حصوں میں تقسیم عصبیت کی بنیاد پر ہوئی۔
واضح رہے کہ حکومت سندھ نے چند ہفتے قبل کراچی کو سات اضلاع میں تقسیم کردیاتھا، کسی اسٹیک ہولڈر، سیاسی، و مذہبی جماعت سے مشورے کیے بغیر سائٹ، بلدیہ،کیماڑی،فش ہاربراور ماڑی پور کے علاقوں پر مشتمل کیماڑی کے نام سے نیا ضلع بنانے کی صوبائی کابینہ سندھ سے منظوری لے لی ۔
سندھ کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت غربی میں 7 سب ڈویژنز منگھوپیر، سائٹ، بلدیہ، اورنگی، مومن آباد، ہاربر اور ماڑی پور شامل ہیں، آبادی کے حساب سے ضلع غربی پورے سندھ میں بڑا ضلع ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا، مشیر، چیف سیکریٹری،متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ ٹرسٹ ایکٹ 2020 منظور کر لیا گیا تھا۔