کراچی: ٹک ٹاک پر میاں بیوی کا جھگڑا طلاق کا سبب بن گیا، بلدیہ کا رہائشی ملزم سابقہ اہلیہ پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک ایک اور گھرانہ اجاڑنے کا سبب بن گیا۔ ملزم نے بیوی کو طلاق دی، پھر تیزاب پھینک دیا۔ ملزم کا بیوی سے کہنا تھا کہ تم ٹک ٹاک کیوں بناتی ہو؟ اب تم میرے ساتھ نہیں رہ سکتیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوٹ ادو، اسکول سے گھر واپس آنے والی 8سالہ بچی سے جنسی زیادتی
ذیشان اور رمشہ میں ٹک ٹاک علیحدگی کی وجہ بن گئی۔ رمشہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ بہن ٹک ٹاک بنا کر پبلک نہیں کرتی تھی بلکہ پرائیویٹ ٹک ٹاک بناتی تھی جس سے شوہر نے روک دیا۔
رمشہ کے بھائی کے بیان کے مطابق ذیشان نے کہا کہ پرائیویٹ ٹک ٹاک نہ بناؤ، اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردو۔ 3 ماہ تک رمشہ گھر پر رہی۔ شوہر نے واٹس ایپ پر طلاق دے دی تھی اور 9 بجے اس کا فون آیا۔
بھائی کے بیان کے مطابق رمشہ آفس جارہی تھی کہ ذیشان نے پیچھے سے آ کر تیزاب پھینکا۔ طلاق دینے کے باوجود ملزم نے سابقہ اہلیہ کا پیچھا نہیں چھوڑا تھا۔ گھر کے باہر بیٹھ جایا کرتا تھا۔
بیان کے مطابق ملزم نے رمشہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ رمشہ کی والدہ نے کہا کہ ذیشان آئے دن دھمکیاں دیتا تھا کہ میری نہیں ہوسکیں تو کسی اور کی نہیں ہونے دوں گا یا پھر حلالہ کر لو۔
سول برنس وارڈ کے ڈاکٹر احمر کا کہنا ہے کہ رمشہ کا جسم تیزاب سے 36 فیصد متاثر ہوا ہے۔ لڑکی کے سر کے عقبی حصے پر تیزاب گرا جس سے ہاتھ اور سینہ بھی متاثر ہوا۔
ملزم ذیشان سابقہ اہلیہ پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا ہے۔ پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ واقعے کے متعلق علاقہ مکینوں اور متاثرہ لڑکی کے رشتہ داروں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بحریہ ٹاؤن میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 نوجوانوں سمیت 3 زخمی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








