اسلام آباد:وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین دوسرے کسی ملک کیخلاف استعمال ہونیکی اجازت نہیں دیگا،بھارت کو خطے کے امن کیلئے کام کرناچاہیے۔
منگل کو افغان امن عمل ،خطے کی صورتحال اور ملکی سیاست میں اپوزیشن کے رویے کے حوالے سے اہم بیان میں انہوں نے کہاکہ افغان امن عمل ایک انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
افغانستان کے نائب صدر اور نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر کے بیانات سلجھاؤ کی بجائے الجھاؤ کا باعث تھے،اپنی کوتاہیوں سے نگاہ چرائیں گے تو حل نہیں نکلے گا،الزام تراشیوں سے کسی فریق کو کچھ حاصل نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ افغان قیادت آپس میں بیٹھ کر ایک دوسرے کیلئے گنجائش پیدا کرے،افغان قیادت مل بیٹھ کر اپنے مسائل حل کرے۔
انہوں نےامریکا کو فوجی اڈے دینے کے حوالے سے کہاکہ پاکستان اپنی سرزمین دوسرے کسی ملک کیخلاف استعمال ہونیکی اجازت نہیں دیگا، ہمارا مشترکہ عزم، اس خطے کا امن واستحکام ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت کو خطے کے امن کیلئے کام کرناچاہیے، بھارت میں آج کھچاؤ واضح دکھائی دے رہا ہے ،بھارت میں اقلیتیں دباؤ میں ہیں،خود کوغیرمحفوظ محسوس کررہی ہیں،بھارت اس وقت سیکولر اور ہندوتوا سوچ میں بٹ چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت میں بہت بڑا طبقہ مودی سرکار کی حکمت عملی مسترد کر چکا ہے، انہوں نے کہاکہ بھارت میں میڈیا کو دباؤ میں لایا جارہاہے،جو میڈیا انڈیپنڈنٹ رپورٹنگ کرتاہے اس پر حملہ ہوجاتاہے۔