کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی، محکمہ داخلہ سندھ نے امن و امان کے پیش نظر کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائدکی ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی 30 روز کے لیے ہوگی تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے، بزرگ، خواتین، صحافی اور 12 سال سے کم عمر کے بچے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
واضح رہے کہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کراچی پولیس کی درخواست پر عائد کی گئی، کراچی پولیس نے گزشتہ روز محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ شہر میں دہشت گرد مذموم مقاصد کے لیے کارروائیاں کرسکتے ہیں لہٰذا ایک مہینے کے لیے ڈبل سواری پر پابندی لگائی جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شاہ فیصل میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ سے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم اور وفاق المدرس العربیہ پاکستان کے مرکزی عہدے دار مولانا عادل ڈرائیور سمیت شہید ہوگئے تھے۔جن کو آج سپرد خاک کردیا گیا ہے۔