درجنوں افراد تاحال لاپتہ! کمشنر کراچی نے گل پلازہ سانحے کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

شہرِ قائد کے مشہور شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے پر کمشنر کراچی نے اپنی حتمی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی ہے۔ رپورٹ میں آگ لگنے کی وجوہات، ریسکیو آپریشنز، متاثرین اور عینی شاہدین سے حاصل شدہ معلومات شامل ہیں۔ رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کی مشترکہ کمیٹی نے تیار کی ہے۔ رپورٹ میں آگ لگنے کے اسباب کے علاوہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی کارروائی، آگ بجھانے کے اقدامات، اور متاثرین سے موصول بیانات کی تفصیل شامل ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آگ گراؤنڈ فلور پر واقع ایک فلاور شاپ میں بچے کے ہاتھوں لگی جس کے بعد یہ تیزی سے ایئرکنڈیشن کے ڈکٹس کے ذریعے اوپر کے فلورز تک پھیل گئی۔ اس المناک حادثے میں 79 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں زیادہ تر اموات میزنائن فلور پر ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق حادثہ 17 جنوری کی شب 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا جبکہ فائر بریگیڈ کو اطلاع 10 بج کر 26 منٹ پر ملی۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی کراچی رات 10 بج کر 30 منٹ پر جائے وقوعہ پر پہنچے، پہلا فائر ٹینڈر 10 بج کر 37 منٹ پر اور ریسکیو 1122 کا عملہ 10 بج کر 53 منٹ پر موقع پر پہنچا۔

تحقیقاتی رپورٹ میں آگ کی تیزی سے پھیلنے کی وجوہات اور ریسکیو عملے کو درپیش چیلنجز کو بھی تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں متاثرہ افراد، عینی شاہدین اور ریسکیو اہلکاروں سے حاصل معلومات کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ سانحے کے تمام پہلو سامنے آ سکیں۔

واقعے کے بعد متاثرہ عمارت کے ملبے کی صفائی اور سرچ آپریشن مکمل کر کے عمارت کو کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ ماہرین اس کی محفوظ ڈیمولیشن یا ہٹانے کا فیصلہ کریں۔

ذرائع کے مطابق اس سانحے میں اب بھی 49 افراد لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔ متاثرہ عمارت کے اطراف میں پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ عوام کی حفاظت کی جا سکے۔ لاپتہ افراد کی شناخت کے لیے 55 سے زائد ڈی این اے سیمپلز لیے گئے ہیں، جن میں سے اب تک 24 افراد کی شناخت مکمل ہو چکی ہے۔

انتظامیہ نے عوام اور متاثرہ خاندانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کی پابندی کریں اور متاثرہ علاقے میں غیر ضروری طور پر داخل نہ ہوں تاکہ کسی اور حادثے سے بچا جا سکے۔

گل پلازہ کی اس آتشزدگی کی تحقیقاتی رپورٹ نے سانحے کے ذمہ دار عوامل، آگ لگنے کے اسباب، اور ریسکیو آپریشن میں موجود کمیوں کو واضح کیا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے المناک حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔

Related Posts