اسلامک ریسرچ کونسل پاکستان اور وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کے چیئرمین ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان نے کہا ہے کہ ناموس صحابہؓ و اہلبیت و ازواج و مطہرات نظام مصطفی ﷺکے عملی نفاذ کی جانب پہلا قدم ہے۔ ملک کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفیﷺ کے عملی نفاذ میں مضمر ہے۔
ناموس صحابہؓ و اہلبیت و ازواج و مطہرات بل منظوری پر ساری قوم اظہار تشکر منا رہی ہے۔
بل کو جلد از جلد ایکٹ بنا کر اس کا عملی نفاذ یقینی بنایا جائے۔ بل کے عملی طور پر نفاذ سے فرقہ واریت کے خاتمے اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور قیام امن میں مددگار ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ علمیہ لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان نے کہا کہ وطن عزیز کے داخلی امن اور امن عالم میں ناموس صحابہؓ و اہلبیت و ازواج مطہراتؓ بل سنگ میل ثابت ہوگا۔ صحابہ کرامؓ و اہلبیت و ازواج مطہراتؓ کا احترام سب پر واجب ہے۔ ناموس صحابہؓ و اہلبیت و ازواج مطہراتؓ بل وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ بل کے نفاذ سے ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ صحابہؓ و اہلبیت کی شان میں بے ادبی کرنیوالا کسی رعایت کا مستحق نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مزید کہا صحابہؓ و اہل بیت و ازواج مطہرات ؓ کی ناموس کا تحفظ ہماری دینی ذمہ داری ہے۔ امت مسلمہ کو فرقہ واریت، انتہا پسندی کے ذریعے کمزور کیا جا رہا ہے۔ موجودہ ملکی حالات کسی قسم کے فرقہ وارانہ فسادات کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کیلئے فرقہ واریت کا خاتمہ ضروری ہے۔ پیغمبر امن و رحمت ﷺ کے امتی امن کا پرچم سربلند رکھیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








