کراچی : محمد علی جناح یونیورسٹی شعبہ الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ کے سربراہ ڈاکٹر کاشف اسحاق کو دنیا کے دو فیصد بہترین ریسرچ سائنسدانوں میں شامل کرلیا گیا۔
امریکہ کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی گلوبل کی جانب سے دنیا کے دو فیصد بہترین سائنسدانوں کی جو فہرست شائع کی گئی ہے اس میں پاکستان کے 81 ریسرچ اسکالرز کے نام شامل ہیں جن میں محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر کاشف اسحاق کا نام بھی شامل ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونکس انجینئرنگ کی فیلڈ میں پاکستان سے اس فہرست میں شامل کیے جانے والے وہ واحد ریسرچ سائنسدان ہیں۔
اسٹینفورڈ یونیورسٹی گلوبل نے یہ فہرست یونیورسٹی کی جانب سے کرائے جانے والے ایک سروے کے بعد جاری کی ہے جو کہ ریسرچ اسکالرز کی جانب سے 2019 تک شائع کیے جانے والے ریسرچ پیپرز کا جمع کردہ ڈیٹا مطابق کے کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر کاشف اسحاق کو اس سے قبل پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (پی سی ایس ٹی) نے انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں 2017 کے دوران پاکستان کے پراڈکٹیو سائنسدانوں کی ڈائریکٹری میں پہلا نمبر دیا تھا۔
اس کے علاوہ پی سی ایس ٹی کی جانب سے انہیں ریسرچ پراڈکٹیو ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا ۔ دریں اثنا محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے ڈاکٹر کاشف اسحاق کو دنیا کے دو فیصد بہترین سائنسدانوں میں شمار کیے جا نے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور اسے ماجو کے لئے ایک قابل فخر کارنامہ اور اعزاز قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا اس بات سے ہمارے اس عزم کی تجدید ہوتی ہے کہ محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کا شمار اب اس ریجن کی بہترین یونیورسٹیوں میں کیا جاتا ہے اور اب ہم اس کا شمار دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں کرانے کی جانب پیش رفت کریں گے ۔