اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے امورِ خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جس پر فیصلہ آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود مستعفی ہو گئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ڈاکٹر وقار مسعود کے مستعفی ہونے کی وجہ وزیرِ خزانہ شوکت ترین سے اختلافات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اپنے عہدے سے مستعفی
باوثوق ذرائع کے مطابق معاونِ خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود کامیاب پاکستان پروگرام سے نادرا کی ایف بی آر ڈیٹا تک رسائی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر اصلاحات میں اختلافات کے باعث عہدے سے مستعفی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر سمیت دیگر معاملات پر اختلافات کے باعث وزیر خزانہ شوکت ترین اور معاونِ خصوصی خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود کے مابین خلیج نے جنم لے لیا جس کا نتیجہ استعفے کی صورت میں نکلا۔
معاونِ خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو بھجوا دیا جسے منظور کرنے یا نہ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل منصوبے میں نام سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
آج سے 3 ماہ قبل سابق معاونِ خصوصی زلفی بخاری کا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی بھی انکوائری کاسامنا کرنے کے لئے تیار ہوں، جب تک میرا نام کلیئر نہیں ہوجاتا، عہدے سے استعفیٰ دے رہاہوں۔
مزید پڑھیں: معاون خصوصی زلفی بخاری اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








