اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو آئی ایم ایف سے 2 ارب 77 کروڑ ڈالر وصول ہو گئے جبکہ عالمی مالیاتی فنڈ کی ایم ڈی نے افغانستان سے انخلاء کے دوران کلیدی کردار ادا کرنے پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹیلینا جارجیوا نے وزیر اعظم کو مراسلہ ارسال کردیا جس میں افغانستان سے انخلاء کے دوران پاکستان کے تعاون کی تعریف کی گئی۔ ایم ڈی نے افغانستان سے عملے کے بحفاظت انخلاء پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
کرسٹیلینا جارجیوا نے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر دفاع اور گورنر اسٹیٹ بینک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان نے انخلاء کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل کاوشیں سرانجام دیں۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ممبر ممالک کیلئے قرض پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ آج پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے 2 ارب 77 کروڑ ڈالر کا غیر مشروط قرض مل گیا ہے جس کی تصدیق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کردی۔
قرض کی منتقلی سے پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ سکتے ہیں۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے کورونا کی روک تھام کیلئے رکن ممالک کیلئے 650 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی منظوری دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بٹ کوائن کی قیمت 3 ماہ میں پہلی بار 50 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگئی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








