اس بار عید الاضحیٰ شدید گرمیوں کے موسم میں آئی ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب دسترخوان پر گرمیوں کی سوغات اور پھلوں کے بادشاہ آم کا راج ہوتا ہے، وہیں یہ کھٹے میٹھے اور فرحت بخش فالسوں کا بھی سیزن ہے۔
ماہرین کے مطابق عید پر گوشت اور چکنائی والے کھانوں کے زیادہ استعمال کے باعث کولیسٹرول، بدہضمی اور پانی کی کمی جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، ایسے میں فالسے کا شربت ایک قدرتی اور مؤثر مشروب ثابت ہوتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق فالسے میں اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز، منرلز اور اٹھارہ اقسام کے امینو ایسڈز پائے جاتے ہیں جو دل کی صحت بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مشروب خراب کولیسٹرول کم کرنے، بلڈ پریشر متوازن رکھنے اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق فالسے میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، جس کے باعث یہ شدید گرمی میں جسم کو ٹھنڈا رکھنے اور لو سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے کولڈ ڈرنکس اور مصنوعی میٹھے مشروبات کا بہتر قدرتی متبادل قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ فالسے کا شربت تیار کرتے وقت کم چینی یا گڑ استعمال کیا جائے جبکہ ذائقے کے لیے پودینہ اور کالا نمک شامل کیا جا سکتا ہے۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شوگر، گردے یا دل کے مریض فالسے یا کسی بھی مشروب کا زیادہ استعمال کرنے سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








