ڈمپر مالکان نے شہر کو ایک بار پھر مفلوج کردیا، کراچی کو دوسرے شہروں سے ملانے والی اہم سڑک بند

تازہ ترین

تازہ ترین

ڈمپر مالکان سہراب گوٹھ پر راؤنڈ اباؤٹ ختم کرنے پر مشتعل ہیں، فوٹو سوشل میڈیا

کراچی میں سپر ہائی وے پر الآصف اسکوائر کے قریب جمعے کی شام ڈمپر اور آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے دھرنے کے باعث کراچی حیدرآباد روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

احتجاج کی وجہ سہراب گوٹھ چورنگی (راؤنڈ اباؤٹ) کو ہٹایا جانا بنا، جس کے بارے میں ایسوسی ایشن کا دعویٰ ہے کہ اس سے سفر کے فاصلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور بھاری گاڑیوں کے لیے سنگین مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔

مظاہرین نے ہائی وے بلاک کر دی اور مطالبہ کیا کہ حکام یا تو چورنگی کو بحال کریں یا گاڑیوں کی نقل و حرکت آسان بنانے کے لیے یو ٹرن جیسا کوئی متبادل فراہم کریں۔

یہ احتجاج گزشتہ ماہ ہونے والے ایک مظاہرے کی طرح ہے جب ڈمپر ٹرک ایسوسی ایشن نے سپر ہائی وے اور سہراب گوٹھ سے ٹھٹھہ تک کے راستے بلاک کر دیے تھے۔ اُس وقت احتجاج ایک پرتشدد واقعے کے بعد کیا گیا تھا، جس میں مشتعل ہجوم نے سات ڈمپر ٹرکوں کو آگ لگا دی تھی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈمپر ٹرک ایسوسی ایشن کے رہنما لیاقت محسود نے سندھ حکومت کی جانب سے صبح سے رات 10 بجے تک ڈمپر ٹرکوں کی آمد و رفت پر پابندی کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی پابندیاں ٹرانسپورٹ انڈسٹری کے لیے تباہ کن ہیں اور ٹرک مالکان کو درپیش بنیادی مسائل کا حل نہیں۔

لیاقت محسود نے کہا کہ چورنگی کا خاتمہ اور آمد و رفت پر پابندیاں ہمارے آپریشنز کو مفلوج کر رہی ہیں۔ ہم حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہیں۔

Related Posts