کراچی کے سپر ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب جمعرات کی صبح ایک دلخراش حادثے نے ایک اور نوجوان کی زندگی چھین لی۔ تیز رفتار ڈمپر نے دو موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
افسوسناک واقعہ گڈاپ سٹی کے علاقے میں پیش آیا جہاں ڈمپر نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری۔ ایدھی ایمبولینس کے ذریعے زخمی اور جاں بحق ہونے والے نوجوان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 20 سالہ شہباز ولد ستار کے طور پر ہوئی جبکہ زخمی نوجوان 20 سالہ حسنین ولد یامین ہے۔
شہباز کورنگی نمبر 4 (سو کوارٹرز) کا رہائشی تھا چار بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور چمڑے کے دستانوں کی تیاری کے شعبے میں کام کرتا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو کراچی کے راشد منہاس روڈ پر لکی ون مال کے قریب ایک اور ڈمپر نے دو بھائیوں کی جان لے لی تھی اور ان کے والد کو زخمی کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد مشتعل ہجوم نے احتجاج کیا جس سے شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔
حالیہ مہینوں میں کراچی میں ٹریفک حادثات بالخصوص بھاری گاڑیوں جیسے ڈمپروں اور واٹر ٹینکرز کے باعث ہونے والے حادثات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں اب تک تقریباً 500 افراد ان حادثات میں جاں بحق اور 4,879 زخمی ہوچکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








