وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے دیگر متعدد شہروں میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جن میں سوات، مردان اور صوابی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں آج زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے شہروں سوات، مردان، صوابی اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
راولپنڈی اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جن سے خوف و ہراس پھیل گیا۔خیبر پختونخوا کے شہروں نوشہرہ، لوئر دیر اور مالاکنڈ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کےدیگر شہروں مہمند، شب قدر اور صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی زیر زمین گہرائی 88 کلو میٹر رہی۔زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز پاک افغان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں حسن ابدال اور میانوالی میں بھی آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارات سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ریسکیو اداروں اور ہسپتالوں کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
پنجاب میں آنے والے زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 12 کلو میٹر تھی، تاہم زلزلے کے باعث کسی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز راولپنڈی سے 60 کلو میٹر شمال مغرب میں تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








