امراض قلب سے بچنے کا آسان طریقہ؛ چار سستے پھل کھائیں بڑی بیماریوں سے نجات پائیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

جسم میں کولیسٹرول کی زیادتی ایک سنجیدہ طبی مسئلہ ہے جو دل کی بیماریوں، ہائی بلڈ پریشر اور موٹاپے جیسی پیچیدگیوں کو جنم دے سکتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کولیسٹرول ایک چکناہٹ والا مادہ ہے جو اگر حد سے زیادہ جمع ہو جائے تو خون کی روانی میں رکاوٹ بن کر دل کی شریانوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔

اس مسئلے سے بچاؤ اور بہتری کے لیے جہاں ورزش اور متوازن غذا کی اہمیت ہے، وہیں چند پھل ایسے بھی ہیں جو قدرتی طور پر کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

طبی تحقیق کے مطابق ترش پھل جیسے لیموں، کینو اور گریپ فروٹ میں وٹامن سی اور پیکٹن نامی فائبر کی وافر مقدار پائی جاتی ہے، جو جسم سے برے کولیسٹرول کو خارج کرنے میں معاون ہوتے ہیں۔

اس کے علاوہ، سیب بھی ایک مفید پھل ہے جس میں پیکٹن کے ساتھ پولی فینول نامی اینٹی آکسیڈنٹس شامل ہوتے ہیں جو شریانوں کو سوزش سے بچاتے ہیں اور دل کو محفوظ رکھتے ہیں۔

ایواکاڈو ایک ایسا پھل ہے جو اگرچہ ہر جگہ دستیاب نہیں، مگر یہ قدرتی چکنائی سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ جسم میں اچھے کولیسٹرول کی سطح بڑھا کر برے کولیسٹرول کو کم کرنے کا باعث بنتا ہے۔ روزانہ ایک ایواکاڈو کھانے سے وزن کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

کیلا بھی کولیسٹرول کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ اس میں حل پذیر فائبر پایا جاتا ہے جو جسم میں کولیسٹرول کو جذب ہونے سے روکتا ہے۔ کیلا نہ صرف دل کو تقویت دیتا ہے بلکہ نظام ہضم کو بھی بہتر بناتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ روزمرہ کی خوراک میں اگر ان چار پھلوں کو شامل کر لیا جائے تو کولیسٹرول جیسی پیچیدہ حالت پر مؤثر قابو پایا جا سکتا ہے، اور ایک صحت مند دل کے ساتھ زندگی کا سفر آسان ہو سکتا ہے۔

Related Posts