اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں موبائل فون سازی سمیت موٹرسائیکل، رکشوں، بس اور ٹرکوں کے لئے الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت بدھ کے روز اسلام آباد میں کمیٹی کے اجلاس میں یہ منظوری دی گئی، کمیٹی نے ملکی سطح پر تیار کئے جانے والے موبائل فونز پر چار فیصد ودہولڈنگ ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے خاتمے کی منظوری دی۔
وزیر خزانہ نے اعانتوں میں کمی کے لئے تفصیلی لائحہ عمل کی تعریف کرتے ہوئے اس حوالے سے جامع سمری پیش کرنے کی ہدایت کی، قومی تحفظ خوراک کی وزارت نے آزادجموں وکشمیر کی حکومت اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو گندم کی اضافی مقدار کی فراہمی کے لئے سمری پیش کی۔
وزیر خزانہ نے آزادکشمیر اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو ترجیحی بنیادوں پر اضافی گندم فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ ملک بھر میں گندم کی وافر فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بین الاقوامی فنانس کارپوریشن کے ساتھ منسلک آف شور پاکستان روپی بانڈز کے اجراء کی منظوری بھی دی۔