حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے۔ مردم شماری کے تحت جاری فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستیں 266ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جاری کی۔ اقلیتوں اور خواتین کی مخصوص نشستوں کے ساتھ قومی اسمبلی کی مجموعی نشستیں 336 جبکہ صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے حلقے 593ہوں گے۔
پنجاب اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 297 ، سندھ کی 130، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 115، بلوچستان اسمبلی کی 51 ہوگی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست ڈیجیٹل مردم شماری کے عمل کے تحت مکمل کر لی گئی۔
ڈیجیٹل مردم شماری کے بعد قومی و صوبائی اسمبلی میں کراچی کیلئے مختص نشستوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ کراچی میں قومی اسمبلی کی ایک جبکہ صوبائی اسمبلی میں 4 اضافی نشستیں ہوں گی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست ستمبر کے اواخر میں جاری کی۔ حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات 28 ستمبر سے 27اکتوبر تک جمع کرانے کی تاریخ دی گئی جن پر فیصلہ 26نومبر تک ہوا جبکہ حتمی فہرست گزشتہ روز 30نومبر کو جاری کی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








