اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر بحث کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 13 رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا تھا کہ پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کی اہل ہے، جس سے وزیر اعظم شہباز شریف کے حکمران اتحاد کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے پشاور ہائی کورٹ کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے 8-5 کی اکثریت سے فیصلہ سنایا جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں سے انکار کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔
چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس نعیم افغان، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس امین الدین خان نے اکثریتی فیصلے کی مخالفت کی۔
سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو لاگو کرنے کے آپشنز پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے میٹنگ 18 جولائی کو ہوگی۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان اور لیگل ونگ کے حکام کمیشن کو بریفنگ دیں گے۔
حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز نے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں کے لیے اہل قرار دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کر دی ہے۔
مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے 12 جولائی کا فیصلہ واپس لینے کی استدعا کی ہے۔
مسلم لیگ (ن) نے دلیل دی کہ پی ٹی آئی بھی اس کیس میں فریق نہیں تھی کیونکہ یہ سنی اتحاد کونسل تھی جس نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
مسلم لیگ ن کی درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کا ایس آئی سی کی درخواست پر پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کا حکم قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
مسلم لیگ ن نے اپنی درخواست میں ایس آئی سی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو فریق بنایا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








