قاہرہ: مصر ی پولیس نے اہرام مصر کے قریب نازیبا لباس میں فوٹو شوٹ پر ماڈل اور فوٹو گرافر کوگرفتارکرلیاگیا، سیکورٹی حکام نے تصدیق کردی۔
فوٹوگرافر حسام محمد کو اہرام مصر کی بے حرمتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، ملزم نے قاہرہ کے باہر قدم اہرام کے قریب ایک فوٹو شوٹ کیا تھا جس میں ماڈل سلمیٰ الشیمی نے نازیبا لباس پہن رکھا تھا۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمیٰ الشیمی نے گزشتہ ہفتے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اہرام مصر کے قریب فوٹو شوٹ کی تصاویر اپ لوڈ کی تھیں جس کے بعد ان پر شدید تنقید کی جارہی تھی ۔
حالیہ مہینوں میں مصری عدالتوں نے سوشل میڈیا پر غیرمناسب مواد پردرجنوں افراد کو جیل کی سزا سنائی ہے جبکہ سلمیٰ الشیمی کا فوٹو شوٹ کرنیوالے فوٹو گرافر کو گرفتار کرکے معاملہ عدالت بھیج دیا گیا ہے جہاں عدالت نے فوٹو گرافر اور ماڈل کو جرمانہ عائد کرنے کے بعد رہا کردیا۔
دسمبر 2018 میں عظیم پرامڈ آف چیپس کے اوپری حصے میں برہنہ جوڑے کی تصاویر نے میڈیا طوفان برپا کیا تھا جس کے بعد قدیم وتاریخی مقامات تک رسائی حاصل کرنے میں جوڑے کی مدد کرنے پر حکام نے اونٹ کے مالک اور ایک خاتون گائیڈکو گرفتار کیا تھا۔