چڑیا گھر کی مشہور ہتھنی مدھوبالا کو اگلے ماہ سفاری پارک منتقل کیا جائے گا۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ کراچی چڑیا گھر میں قید تنہائی سے گزرنے والی 16 سالہ ہتھنی مدھوبالا کو اگلے ماہ سفاری پارک منتقل کردیا جائے گا۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق مدھوبالا کو کراچی چڑیا گھر سے منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور اسے اگلے ماہ سفاری پارک منتقل کر دیا جائے گا جہاں وہ دیگر ہتھنیوں سونیا اور ملائکہ کے ساتھ مل جائے گی۔
کے ایم سی انتظامیہ نے کہا کہ ہتھنی کی کنٹینر میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے اور فور پاز کے تعاون سے مدھوبالا کے لیے ایک نئی پناہ گاہ بھی تیار کی جا رہی ہے۔
کے ایم سی کے مطابق پناہ گاہ 15 سے 20 دنوں میں مکمل ہو جائے گی اور مدھوبالا کو مئی میں سفاری پارک میں منتقل کر دیا جائے گا۔
سفاری پارک میں مدھوبالا کے آنے سے ہاتھیوں کی تعداد تین ہو جائے گی۔
مدھوبالا ان چار افریقی ہتھنیوں میں سے ایک ہے جن کا علاج 2022 میں جانوروں کی فلاح و بہبود کے عالمی گروپ فور پاز کی آٹھ رکنی ٹیم نے کراچی میں کیا۔
مدھوبالا برسوں سے دانتوں میں انفیکشن اور ٹوٹے ہوئے دانت کی وجہ سے درد میں مبتلا تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








