کراچی کے بین الاقوامی ائیرپورٹ اور اس کے گردونواح میں سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز، پولیس اور اے ایس ایف کے اضافی دستے ائیرپورٹ کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت کنٹرول کیا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس وقت ائیرپورٹ میں صرف مسافروں اور ضروری عملے کو داخلے کی اجازت ہوگی اور غیر ضروری افراد کو ائیرپورٹ آنے سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
اسی طرح پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز اور پی آئی اے سول ایوی ایشن ہیڈکوارٹرز کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن کالونی میں صرف ملازمین اور رہائشیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی اور دیگر گاڑیاں یا غیر متعلقہ افراد کو اندر جانے سے روکا جائے گا۔
پی آئی اے ٹاؤن شپ سے ائیرپورٹ، پی آئی اے ہیڈ آفس اور پی اے ہیڈکوارٹرز جانے والی سڑک پر بھی کنٹرول بڑھا دیے گئے ہیں اور عام آمد و رفت محدود کر دی گئی ہے۔
ذرائع نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی فلائٹس کے لیے وقت سے پہلے ائیرپورٹ پہنچیں کیونکہ سخت سکیورٹی اور چیکنگ کے باعث راستوں میں وقت زیادہ لگ سکتا ہے۔ انتظامیہ نے مسافروں اور عملے سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ سکیورٹی اقدامات مؤثر طور پر نافذ ہو سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








