امارات شدید بارشوں کی زد میں! دیکھیں برج خلیفہ پر بجلی گرنے کی تصاویر اور ویڈیوز

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں جمعرات کی رات سے شروع ہونے والی شدید بارش سے دبئی سمیت کئی ریاستوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

دبئی میڈیا آفس نے بارش سے متعلق کئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جن میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر بجلی گرنے کے حیرت انگیز مناظر دکھائے گئے جس نے شہریوں میں خوف اور حیرت دونوں پیدا کر دی۔

خلیج نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں حکام نے ہنگامی اقدامات فعال کیے اور ملک بھر میں حفاظتی انتباہات جاری کیے۔ جمعرات کی شام سے جمعہ کی صبح تک متحدہ عرب امارات کے بڑے حصوں میں شدید بارش، آسمانی بجلی اور تیز ہوائیں چلیں۔

اخبار کے مطابق غیر مستحکم موسمی حالات کی وجہ سے کئی شہروں میں بجلی، گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کے مناظر دیکھنے کو ملے۔

دبئی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں اور خصوصی ٹیمیں سڑکوں کو محفوظ بنانے میں مدد کر رہی ہیں تاکہ ٹریفک روانی سے چلتی رہے۔

ایک ویڈیو میں شارجہ کے لوگوں کو کھڑے پانی میں چلتے ہوئے دکھایا گیا جہاں ہوائی اڈے کا استعمال کرنے والے مسافروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ تازہ ترین معلومات جانچیں کیونکہ موسمی حالات پروازوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔

مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہوائی اڈے جانے سے پہلے اپنی ایئر لائن سے براہِ راست رابطہ کریں۔

Related Posts