کراچی: بن قاسم صنعتی علاقہ میں ایک کیمیکل بنانے والی نجی کمپنی سے مضر صحت زہریلی گیسوں کے اخراج سے گھگھر کے علاقے میں سیکڑوں افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو گئے۔
مقامی رہائشیوں کا سخت احتجاج فوری طور پرفیکٹری بند کرنے کا مطالبہ، علاقہ مکینوں کے مطابق نجی فیکٹری سے نکلنے والے خطرناک دھوئیں نے گھگھر سمیت آس پاس کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ جس کے باعث سیکڑوں لوگ دم گھٹنے سے بیہوش ہو گئے کئی عورتیں اور بچے دھوئیں کے پھیلنے سے سانس اور جلدی امراض کا شکار ہوگئے ہیں۔
اس سلسلے میں علاقہ مکینوں اور مقامی سماجی رہنما محمد یوسف کلمتی نے بتایا کہ تیزاب بنانے والی فیکٹری کے دھوئیں نے بڑی تعداد میں لوگوں کو متاثر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ فیکٹری کے دھوئیں سے نا صرف انسان بلکے پرندے، مویشی،کھیت اور درخت بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
گھروں میں موجود سامان بھی دھوئیں سے کالا پڑ گیا ہے،انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیزاب بنانے والی فیکٹری کو انسانی آبادی سے دور قائم کیا جاتا ہے لیکن ہمارے ہاں حالات اس کے برعکس ہیں۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ فیکٹری کو بند کروا کر انسانی جانوں سے کھیلا جانے والا گھناؤنا کھیل فوری بند کیا جائے۔ اگر فوری نوٹس نہ لیا گیا تو عین ممکن ہے کہ بہت سی انسانی جانیں ضائع ہوجائیں گی۔