پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنالیے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان کی پہلی وکٹ تیسری ہی گیند پر گر گئی، اوپنر عبداللہ شفیق 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عبداللہ شفیق کو ربادا نے ایل بی ڈبلیو پر آؤٹ کیا۔
عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، تاہم شان مسعود 76 رنز بنانے کے بعد پرینیلن سبریئن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، امام الحق 93 رنز بنا کر سینوران متھوسامی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
سابق کپتان بابراعظم صرف 23 رنز ہی بنا سکے جبکہ سعود شکیل نے کھاتہ کھولے بغیر پویلین کی راہ لی۔ بعد ازاں محمد رضوان اور سلمان آغا نے اچھی پارٹنرشپ بنائی اور اننگز کو سنبھال لیا۔ محمد رضوان 62 اور سلمان آغا 52 پر کھیل رہے ہیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسامی نے 2، کاگیسو ربادا، سائمن ہارمر اور پرینیلن سبریئن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں 38 سالہ آصف آفریدی ڈیبیو نہیں کر سکے، ساجد خان وائرل فیور سے صحتیاب ہو کر ٹیم میں شامل ہوگئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








