بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں ہیں جہاں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دو علیحدہ آپریشنز میں مجموعی طور پر 14 خطرناک دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جوکہ مختلف تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں انجام پائیں جس سے ریاستی اداروں کے لیے ایک بڑا کامیابی کا موقع پیدا ہوا۔
کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں سی ٹی ڈی کی ٹیم نے جرات مندانہ آپریشن کیا۔جیسے ہی اہلکاروں نے علاقے کو گھیر لیا دہشتگردوں نے شدید مزاحمت کی اور فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ میں 8 دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ اس مقابلے کے دوران 3 سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر خطرناک سامان برآمد ہوا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ عناصر کالعدم تنظیم سے وابستہ تھے، اور ان کی شناخت کے ساتھ مزید روابط کی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب بارکھان میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کو سخت جواب دیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ یہ تمام ہلاک شدگان مختلف تخریبی منصوبوں میں ملوث تھے اور ان کے پاس سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا جو بڑے پیمانے پر حملوں کے لیے استعمال ہونے والا تھا۔
یہ دوہری کامیابیاں سی ٹی ڈی کی بہادری، منصوبہ بندی اور تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو شدید دھچکا لگا ہے اور ریاست کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ امن دشمنوں کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








