مشتعل نوجوان نے لیٹ آنے والے اعلیٰ افسر کے سامنے ٹرافی زمین پر پٹخ دی، دیکھئے ویڈیو

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو اسکرین گریب

نوجوان نے مہمان خصوصی سرکاری افسر کے تقسیم انعامات کی تقریب میں تاخیر سے آنے پر سب کے سامنے ٹرافی اٹھا کر زمین پر پٹخ دی اور سر عام افسر کی بے عزتی کردی۔

سوشل میڈیا پر صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر چارسدہ کی ایک ویڈیو کا زبردست چرچا ہے، جس پر صارفین کی بڑی تعداد تبصرے کرتی دکھائی دے رہی ہے۔

واقعے کی تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے عبد الولی خان اسپورٹس کمپلیکس میں گزشتہ دن فٹبال ٹورنامنٹ منعقد ہوا، جس کی اختتامی تقریب میں ضلعی اسپورٹس افسر بطور مہمان خصوصی مدعو تھے۔

تاہم اختتامی تقریب میں اس وقت شدید بدمزگی پیدا ہوگئی جب رنر اپ ٹیم کے کپتان کو مہمان خصوصی کے ہاتھوں سے ٹرافی اور انعام وصول کرنے کیلئے اسٹیج پر بلایا گیا۔

رنر اپ ٹیم کے کپتان نے مہمان خصوصی کے ہاتھ سے ٹرافی وصول کرنے کے بعد ہوسٹ سے مائیک لیکر اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دو بجے ہمارا ٹورنامنٹ ختم ہوگی ہے، اس کے بعد سے ہم دو گھنٹے سے شدید گرمی میں ان صاحب کی تشریف آوری کا انتظار کر رہے تھے۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ افسر صاحب کی تاخیر کے باعث میدان میں شدید بدمزگی پیدا ہوگئی اور لوگوں میں لڑائی بھی ہوگئی۔ یہ کہہ کر انہوں نے ٹرافی اٹھائی اور یہ کہتے ہوئے زمین پر پٹخ دی کہ میں اس ٹرافی کو ضلعی اسپورٹس آفیسر (ڈی ایس او) کے نام کرتا ہوں۔

نوجوان کے اس عمل سے مہمان خصوصی سمیت اسٹیج پر موجود تمام لوگ ہکے بکے رہ گئے۔ بعد ازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو جہاں بہت سے لوگوں نے افسر پر تنقید اور نوجوان کے عمل کی تحسین کی وہاں کچھ لوگوں نے نوجوان کو اس بات پر تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہیں صرف احتجاج تک محدود رہنا چاہیے تھا۔

Related Posts