ترکیہ الیکشن میں ووٹنگ جاری، ایردوان صدر رہیں گے یا نہیں فیصلہ آج

تازہ ترین

تازہ ترین

ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ شروع ہوگئی ہے جس میں صدر رجب طیب ایردوان اور کمال قلیچ دار اولو کے درمیان مقابلہ ہے۔

پولنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے (پاکستانی وقت 7 بجے) تک جاری رہےگا۔

ترکیہ میں 14 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ 90 فیصد رہا تاہم کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہو سکا اور انتخابی عمل دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں:

پاکستان کی پہلی باحجاب ریپر ایوا بی کے گیت کی گریمی میں دھوم

پہلے مرحلے میں رجب طیب ایردوان کو اپنے مخالف امیدوار پر 5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم وہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرپائے، وہ پہلے مرحلے میں 49.52 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اولو 44.89 فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور سنان اوعان 5.17 فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ پارلیمانی انتخابات میں رجب طیب اردوان کے اتحادی بلاک نے واضح اکثریت حاصل کر لی تھی۔

پانچ فیصد سے زائد ووٹ لےکر تیسرے نمبر پر آنے والے سنان اوعان صدر ایردوان کی حمایت کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ترکیہ میں ہر پانچ سال بعد انتخابات ہوتے ہیں، ترک قوانین کے مطابق گزشتہ انتخابات میں 5 فیصد ووٹ حاصل کرنے والی پارٹی صدارتی امیدوار نامزد کر سکتی ہے یا پھر ایسا شخص جس کی نامزدگی کو ایک لاکھ لوگوں کی دستخط کے ساتھ حمایت حاصل ہو وہ صدارتی امیدوار بن سکتا ہے۔

قانون کے مطابق جو امیدوار برتری کے ساتھ 50 فیصد ووٹ حاصل کرلےگا وہ صدر منتخب ہو جائےگا تاہم 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنےکی صورت میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے دو امیدواروں کے درمیان دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوتی ہے۔

Related Posts