افغانستان کو چینی کی برآمد سے ہر ڈالر پاکستان کے خزانے میں آئے گا، وزیرخزانہ

تازہ ترین

تازہ ترین

"Every Dollar from Sugar Export to Afghanistan Will Enter Pakistan’s Treasury: Finance Minister"

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سرحدوں پر سیکورٹی سخت کرنے کے باعث پہلی بار چینی اسمگلنگ کی بجائے قانونی طور پر افغانستان برآمد کی گئی ہے، جس سے ہر ڈالر پاکستان کے خزانے میں آئے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت نے افغانستان کو چینی کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق جولائی سے جنوری تک افغانستان کو چینی کی برآمدات 26 کروڑ 26 لاکھ 80 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں، جو پچھلے سال اسی مدت میں محض 59 لاکھ 30 ہزار ڈالر تھیں۔ یہ سالانہ بنیادوں پر 25 کروڑ 67 لاکھ 60 ہزار ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

چینی کی برآمدات میں اضافے کے ساتھ ہی مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ 10 ہفتوں کے دوران چینی کی اوسط قیمت میں 21 روپے 26 پیسے فی کلو اضافہ ہوا ہے، اور ملک میں چینی کی قیمت 160 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔

 

حکومت نے 2024 میں چینی کی برآمد کی اجازت دی تھی، جس کے تحت جولائی تا اکتوبر ساڑھے 7 لاکھ میٹرک ٹن اور اکتوبر میں مزید 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

وزیر خزانہ نے اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدوں پر سیکورٹی سخت کرنے اور مؤثر پالیسیوں کی بدولت چینی کی اسمگلنگ روکی گئی ہے، جس سے قانونی برآمدات میں اضافہ اور ملکی خزانے کو فائدہ پہنچا ہے۔

Related Posts