سردی کے باعث داتا کی نگری لاہور کی فضاؤں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے جس کے باعث حدِ نگاہ زیادہ سے زیادہ 250میٹر جبکہ کم از کم 20میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔
دھند اور کہر کے باعث لاہور کی سڑکوں پر رواں دواں ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈرائیور حضرات کو گاڑیاں چلاتے ہوئے سڑک دیکھنے میں مشکلات درپیش ہیں جس کے باعث حادثات کا خدشہ ہے۔
لاہور کی قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ 20 میٹر ہے، ائیرپورٹ اور اطراف میں 250 میٹر جبکہ دیگر بہت سے علاقوں میں 100 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات پیشگوئی کے مطابق لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
پیشگوئی کے مطابق خطہ پوٹھوہار اور خیبر پختونخواہ کے بیشتر اضلاع میں کہر پڑنے کا امکان ہے جس سے حدِ نگاہ محدود رہے گی جبکہ ڈرائیور حضرات کو گاڑی چلاتے ہوئے احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ موسمِ سرما کی دھند سے قبل لاہور شہر پر اسموگ کا راج رہا۔وزیر اعظم نے اسموگ کے خاتمے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی سفارشات منظور کر لیں جن کے تحت صوبے سے بتدریج اسموگ ختم کیا جانا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان نے 13 دسمبر کو کہا کہ اسموگ کے خاتمے کے لیے داتا کی نگری لاہور میں 60 ہزار کنال کی اراضی مختص کی جائے گی جہاں درخت لگائے جاسکیں۔
مزید پڑھیں: اسموگ کے خاتمے پر عثمان بزدار کی سفارشات منظور
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








