اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں مظلوم عوام پر بھارتی ظلم و ستم اور جبر کو نیوز بلیٹن میں دکھانے پر فیس بک نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی لائیو اسٹریمنگ کو بلاک کردیا ہے۔
ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے جس مواد کی بنیاد پر اسٹریمنگ کو بند کرنے کا اقدام اٹھایا ان کے اسکرین شاٹس ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جس مواد پر پابندی لگائی گئی ہے اس میں رواں سال جولائی میں نوجوان لیڈر برہان وانی کی برسی کی کوریج اور حزب المجاہدین کے کمانڈر ذاکر موسیٰ کی موت کے بعد بھارت کی جانب سے لگائے گئے کرفیو کے واقعات کو رپورٹ کرنا شامل ہے۔
تاہم فیس بک کی جانب سے لائیو اسٹریمنگ بلاک کیے جانے کے بعد پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے متبادل انتظامات کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان کے بلیٹن یوٹیوب پر نشر کرنے شروع کردیے ہیں۔
یاد رہے کہ 2016 میں فیس بک کو اس وقت عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب اس نے برہانی وانی کی شہادت کے واقعات رپورٹ کرنے والی درجنوں پوسٹوں کو بلاک کردیا تھا۔
مقبوضہ کشمیر کے حالات سے آگاہ کرنے والی درجنوں تصاویر، ویڈیوز اور حتیٰ کہ اس حوالے سے رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کے ساتھ ساتھ انفرادی پیجز کو بھی بلاک کردیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی پولیس نے کانگریس کی خاتون رہنماء پریانکا گاندھی کا گریبا ن پکڑلیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








