فیس بک نے اپنے ’’ریلز‘‘ پلیٹ فارم میں ایک بڑی اپ ڈیٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ویڈیوز کی دریافت کو زیادہ ذاتی، بروقت اور سماجی طور پر دلچسپ بنانا ہے۔
اعلان کے مطابق اس اپ ڈیٹ میں ایک زیادہ اسمارٹ ریکمنڈیشن سسٹم شامل کیا گیا ہے جو صارفین کو تازہ اور متعلقہ ویڈیوز تیزی سے دکھاتا ہے، تاکہ انہیں وہ مواد ملے جو ان کی دلچسپی سے بہتر طور پر مطابقت رکھتا ہو۔
اس اپ ڈیٹ کی سب سے نمایاں خصوصیت “فرینڈ ببلز” ہے، جو ایک نیا سوشل فیچر ہے۔ یہ ان ریلز کو نمایاں کرتا ہے جو آپ کے دوستوں نے پسند کی ہوں اور ان سے براہِ راست پرائیویٹ چیٹ شروع کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فیس بک نے اے آئی سے چلنے والی سرچ تجاویز (AI-powered search suggestions) بھی شامل کی ہیں، جو صارفین کے لیے مختصر ویڈیوز کو تلاش کرنا مزید آسان اور دلچسپ بناتی ہیں۔
اس اپ ڈیٹ کی بنیاد ایک نئے الگورتھم پر رکھی گئی ہے جو اب ’’تازگی‘‘ کو ترجیح دیتا ہے۔ یعنی جب آپ ریلز دیکھ رہے ہوں تو فیس بک آپ کو 50 فیصد زیادہ ویڈیوز دکھائے گا جو اسی دن نشر کی گئی ہوں۔ یہ تبدیلی براہِ راست صارفین کے اُس فیڈ بیک کا جواب ہے جس میں انہوں نے ’’زیادہ حالیہ اور ثقافتی طور پر متعلقہ‘‘ مواد کی خواہش ظاہر کی تھی۔
فیس بک کے مطابق ان تبدیلیوں کے بعد پہلے ہی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جن میں امریکہ میں ویڈیو واچ ٹائم 20 فیصد سے زیادہ بڑھ گیا ہے۔ مزید یہ کہ صارفین کو اب زیادہ کنٹرول دیا جا رہا ہے، جیسے بہتر “Not Interested” اور “Save” آپشنز، جن کے ذریعے وہ اپنے فیڈ کی مستقبل کی تجاویز کو بہتر طور پر ترتیب دے سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








