پاکستان نے شارجہ میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 31 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 140 رنز ہی بنا سکی۔ اوپننگ بلے باز علیشان شرفو کی شاندار 68 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان محمد وسیم 12، ایتھان ڈی سوزا 9، آصف خان 7، راہول چوپڑا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ ہرشت کوشک نے 3 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی بولنگ لائن نے بہترین کارکردگی دکھائی خاص طور پر ابرار احمد نے کمال کا اسپیل کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 9 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ فخر زمان نے دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے 44 گیندوں پر 77 رنز ناٹ آؤٹ بنائے جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ محمد نواز نے بھی 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں صاحبزادہ فرحان نے 16، صائم ایوب نے 11، محمد حارث نے 14، کپتان سلمان علی آغا نے 7 اور حسن نواز نے 4 رنز اسکور کیے۔ یو اے ای کی جانب سے حیدر علی نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے اس میچ میں دو تبدیلیاں کیں سفیان مقیم اور حارث رؤف کی جگہ ابرار احمد اور سلمان مرزا کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کو افغانستان کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم آج کی فتح کے بعد پاکستان نے تین میں سے دو میچ جیت کر فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








