بہاولپور ڈویژن کے ضلع رحیم یار خان میں پسند کی شادی کے معاملے پر گھر والوں نے اپنی ہی بیٹی کو زندہ جلا دیا ہے، ملزمان گرفتار نہ ہوسکے۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق رحیم یار خان میں پسند کی شادی جرم بن گئی، گھر والوں نے 18 سالہ لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد زندہ جلا دیا جس کے نتیجے میں بیٹی دم توڑ گئی۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ رحیم یار خان کے علاقے ترنڈہ محمد پناہ میں پیش آیا جہاں 18 سالہ لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر اہلِ خانہ نے بیٹی کو زندہ جلا کر قتل کردیا۔
پولیس نے لڑکی کے والد اور بھائیوں کے خلاف غیرت کے نام پر قتل کا مقدمہ درج کرلیا، حکام کا کہنا ہے کہ قبرستان میں تدفین کے وقت چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔
بعد ازاں پولیس نے جاں بحق لڑکی کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی۔ تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی موت کی وجوہات کا تعین کیا جاسکتا ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








