کامونکی:شریف پورہ قبرستان میں صدرپولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بیٹی کو قتل کرنے کے بعد دفنانے کی کوشش کرنے والے ملزم سگے باپ کو گرفتارکرلیا،پولیس حراست میں ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔
تھانہ صدر کامونکی کے علاقہ خان ٹاؤن کے رہائشی فیض نامی شخص کو شک تھا کہ اس کی بیٹی سولہ سالہ فائزہ کے ساتھ محلہ میں کسی کے ساتھ ناجائز مراسم ہیں جس پراس نے اپنی بیٹی کودودھ میں زہریلی گولیاں ملا کر زبردستی پلا کرقتل کردیا اور محلہ میں بتایا کہ اس کی بیٹی دل کی تکلیف سے فوت ہوگئی ہے۔
باپ بیٹی کو دفنانے کے لئے شریف پورہ قبرستان میں نماز جنازہ کی تیاری کررہا تھا کہ اطلاع ملنے پر ایس پی صدر گوجرانوالہ عبدالوہاب خان کے حکم پر ڈی ایس پی عامر ملک اورایس ایچ او انسپکٹر عارف محمود خان نفری کے ہمراہ شریف پورہ قبرستان میں پہنچ گئے۔
جہاں مقتولہ کے نماز جنازہ کی تیاری کی جارہی تھی،پولیس نے ملزم فیض کوفوری حراست میں لیا تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا،پولیس نے مقتولہ کی میت قبضہ میں لے کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او عارف محمودخان نے بتایا کہ ملزم نے اپنی بیٹی کوغیرت کے نام پر قتل کیا ہے،جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔