اسلام آباد: وفاقی وزیرِاطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو پارلیمنٹ ہاؤس آ کر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ کرنا چاہئے۔ الیکشن اصلاحات پر تمام جماعتوں کو متفقہ فیصلہ کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آئندہ 5 سال بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی اور قانون سازی کا عمل نہیں رکے گا۔
میڈیا بریفنگ کے دوران وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کے عمل میں اصلاحات پر سر جوڑ کر بیٹھنا اور متفقہ فیصلہ کرنا چاہئے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کیلئے الیکشن کمیشن کی 36 شرائط پوری کرچکے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی اپنی بیٹری ہوتی ہے، موبائل چلانے کی قابلیت رکھنے والے افراد یہ مشین آسانی سے چلا سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن کی لاگت میں اضافہ نہیں ہوگا۔ ہم 49 ترامیم دے چکے، اپوزیشن کو بھی مشورہ دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہر بار الیکشن کے بعد اپوزیشن جماعتیں دھاندلی کا رونا روتی ہیں، یہ کوئی حل نہیں ہے کہ ہر بار انتخابات کے بعد سب مل بیٹھیں اور روئیں۔ عمران خان وزیرِ اعظم ہونے کے ساتھ ساتھ تحریکِ انصاف کے چیئرمین بھی ہیں۔حکومت 2 سال پورے کرچکی۔ 3 مزید بھی پورے کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے پر برہم، رپورٹ طلب
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








