پی ڈی ایم اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وہ ملک میں کہیں بھی کسی کمزور کے ساتھ نا انصافی اور زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجاہد کالونی کراچی کے متاثرین کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ متاثرین نے مولانا فضل الرحمن کو اپنے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا، مولانا نے متاثرین کے مسائل تفصیل سے سنے اور انہیں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ متاثرین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر سندھ حکومت سے بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام روز اول سے مجاہد کالونی کے معاملے میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
عمران خان کی پیش کش پر مریم اورنگزیب نے الیکشن کی تاریخ دیدی
ملاقات میں متاثرین کے وفد کے علاوہ جے یوآئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد اسلم غوری، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سندھ علامہ سمیع سواتی، مولانا عبدالکریم عابد، قاری محمد عثمان، مولانا محمد غیاث، حاجی امین اللہ، مولانا ناصرمحمود سومرو، مولانا عبدالرشید نعمانی، مولانا احسان اللہ ٹکروی، مفتی عبدالحق عثمانی، سیداکبرشاہ ہاشمی و دیگر بھی موجود تھے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نہ صرف مجاہد کالونی بلکہ ملک بھر میں کہیں بھی کسی کو خلاف قانون اس طرح کی کارروائیوں کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سنے بغیر انہیں ان کے گھروں سے محروم کرنا ٹھیک نہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ غریب عوام کو یک طرفہ اور بے رحمانہ اقدامات سے ان کے گھروں سے بے دخل کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مجاہد کالونی کے متاثرین کو فی الفور اعتماد میں لے اور مزید کارروائی روکے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ متاثرین کو متبادل جگہ کی فراہمی تک جے یوآئی مزید کسی کارروائی کی اجازت نہیں دے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








