فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 30 نومبر تک بڑھا دیا ہے۔
یہ فیصلہ ان ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے جو دستی طور پر (manual) ریٹرن جمع کراتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ملک بھر کے ٹیکس دفاتر میں خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو بھرپور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
اس اقدام کا مقصد مستقبل میں ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے عمل کو مکمل طور پر آن لائن نظام میں منتقل کرنے کی راہ ہموار کرنا بھی ہے۔
ڈیجیٹل نظام کی حوصلہ افزائی کے لیے ایف بی آر نے اُن ٹیکس دہندگان کے لیے خصوصی سہولتوں کا اعلان کیا ہے جو فی الحال دستی طور پر ریٹرن جمع کرا رہے ہیں۔ بورڈ کے مطابق ٹیکس سال 2024 سے انکم ٹیکس ریٹرن کی دستی جمع آوری کو بتدریج ختم کر دیا جائے گا۔
تاہم ایف بی آر نے تسلیم کیا ہے کہ آن لائن نظام میں منتقلی کے دوران ٹیکس دہندگان کو قانونی اور تکنیکی مشکلات درپیش ہو سکتی ہیں، اسی لیے تمام علاقائی ٹیکس دفاتر میں خصوصی سیل قائم کیے گئے ہیں جہاں ان افراد کو معاونت فراہم کی جائے گی۔
اسی سلسلے میں، ایف بی آر نے دستی ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے نئی آخری تاریخ 30 نومبر 2025 مقرر کر دی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








