اسلام آباد:شہر اقتدار جی نائن مرکز میں تاجربرادری کے الیکشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں چار گروپس کی جانب سے حصہ لیا گیا۔تاجر دوست گروپ نے 63 ووٹوں سے جیت اپنے نام کرلی ہے۔
تاجر دوست گروپ کے سینئر وائس پریزیڈنٹ حاجی ظفر اور سیکرٹری جنرل نعیم عباسی اور دیگر عہدیداروں نے ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم گزشتہ تین ماہ سے الیکشن کمپین کررہے تھے۔
تمام تاجر بھائیوں نے ہمارے سابق ادوار کو دیکھتے ہوئے ہمیں ووٹ دے کر دوبارہ منتخب کیا ہے اللہ اور تاجر بھائیوں کے شکرگزار ہیں،جی نائن تجارتی مرکز اسلام آباد کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے اور راولپنڈی کے راجہ بازار سے بھی زیادہ یہاں پر کاروبار ہوتا ہے۔
جی نائن مرکز سے تاجر برادری کی طرف سے حکومت کو تقریباً ٹیکس کی مد میں 10کروڑ سے زائد روپے کا ریونیو جاتا ہے سٹریٹ لائٹس سیوریج کا نظام سڑکیں پاکس سب تباہ حال ہیں، بجلی کی تاریں بوسیدہ ہو چکی ہیں، بار بار ٹرپنگ ہوتی ہے پانی دستیاب نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ہمارے ساتھ بالکل تعاون نہیں کرتا ہمارے ٹیکس کا پیسہ دوسرے سیکٹرز میں خرچ کیا جاتا ہے،ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے ٹیکسز ہم پر ہی خرچ کئے جائیں،ہم نے ابھی تک حلف برداری کی تقریب منعقد نہیں کی لیکن اس کے باوجود ہم نے علاقے کی ترقی کے لئے تاجروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔
ہم ملک علی نواز اعوان صاحب سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے سیکٹر اور تاجروں کی طرف توجہ دیں اور جو ترقیاتی کام سی ڈی اے نے کرنے ہیں ان سے کہہ کر تمام کام مکمل کرائیں،جن میں سٹریٹ لائٹس کا نظام،سڑکوں کی مرمت،پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
ہم نے ہر دکان میں فری ماسک اور سینی ٹائزر رکھے ہوئے ہیں،آنے والے گاہکوں کو ماسک اور سینیٹائزر فراہم کیے جاتے ہیں،خدارا ہمیں کام کرنے دیا جائے گزشتہ چھ ماہ ہم نے بہت مشکل سے گزارے ہیں،اگر تھوڑا کاروبار چلنے لگا ہے تو دوبارہ کرونا وائرس کی دوسری لہر کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انتظامیہ کو چاہیے کہ ہمارے ساتھ تعاون کرے اور ایف بی آر ٹیکس کے حوالے سے تاجروں کے لئے آسانیاں پیدا کرے تاکہ تاجر خوشی سے ٹیکس ادا کریں ہمارے نمائندوں کو ایف بی آر میں شامل کیا جائے،ہمارے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ ہم لوگ اچھے طریقے سے اپنا کاروبار کرسکیں۔