اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا مشن پاکستان کو غربت سے پاک فلاحی ریاست بنانا ہے۔ ملکی معیشت کو مضبوط بنانا اور پاکستان کو زرعی اجناس میں خودکفیل بنانا ہمارے اہداف میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، تمام شعبوں سے مثبت معاشی اشاریے سامنے آ رہے ہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، تنقید ہر دور میں ہوتی رہتی ہے، رواں مالی سال کے دوران مقرر کردہ ٹیکس ہدف حاصل کر کے ناقدین کی تنقید کا جواب اپنی کارکردگی سے دیں گے۔
اتوار کے روز سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ میرے دو مقصد ہیں، ایک ملکی معیشت کو مضبوط کرنا ہے تاکہ آئی ایم ایف پروگرام سے ہمیشہ کیلئے جان چھوٹ جائے اور دوسرا غریب آدمی جو گزشتہ 70 سالوں سے صرف امید پر بیٹھا ہوا ہے ان کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے تاکہ مہنگائی کی وجہ سے ان کی مشکلات میں اضافہ نہ ہو، میں سب کچھ ملک کیلئے کر رہا ہوں اور اس سلسلے میں مجھے وزیراعظم عمران خان کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔
شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت 20 ارب ڈالر کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ چھوڑ کر گئی تھی تاہم وزیراعظم عمران خان نے بھاگ دوڑ کر کے اور دوست ممالک کے تعاون سے ملکی معیشت کو سہارا دیا، اس بار آئی ایم ایف نے سخت پروگرام دیا تھا۔زراعت اور برآمدات کی صنعتوں کی ترقی کیلئے مراعات دیں جس کی وجہ سے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے حوالے سے تمام رکاوٹوں کو دور کیا اور اب پورے ملک میں کم آمدنی والے لوگ بینک سے قرض لیکر اپنے گھر کا خواب پورا کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اٹک پٹرولیم لمیٹڈ کے خالص منافع میں نو ماہ کے دوران 321 فیصد اضافہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








