اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن ) تاحیات سربراہ اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا پاسپورٹ زائد المعیاد ہوچکا ہے وہ کسی صورت وطن واپس نہیں آسکتے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ (پی ڈی ایم) کے آج ہونے والے اجلاس پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو آج ہر صورت فیصلہ کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیرداخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاسپورٹ کے زائد المعیاد ہونے کی وجہ سے نواز شریف کسی دوسرے ملک میں بھی سفر نہیں کرسکتے۔
شیخ رشید احمد نے پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ ‘اگر نوازشریف وطن واپس آنا چاہیں تو حکومت خصوصی سرٹیفیکٹ جاری کرسکتی ہے’۔
واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کا سربراہ اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے میاں نواز شریف کو دو ٹوک الفاظ میں وطن واپس آنے کا مشورہ دیا۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رہنماء آصف علی زرداری نے اسمبلیوں سے استعفے دینے سے انکار کردیا ہے۔