فیروز خان نے 10 شوبز شخصیات کو ہتک عزت کا لیگل نوٹس بھیج دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

معروف اداکار فیروز خان نے اپنے خلاف ٹوئٹس کرنے پر متعدد شوبز شخصیات کو قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے 15 دن میں تحریری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکار فیروز خان نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ ان تمام شخصیات کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے، جنہوں نے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم چلائی۔

اس کی تصدیق فیروز خان کے وکیل فائق علی جاگیرانی نے بھی ایک ویڈیو کے ذریعے سے کی ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ اداکار کی ہدایت پر متعدد شوبز شخصیات کو فیروز خان کو بدنام کرنے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔

جن شوبز شخصیات کو نوٹس بھجوایا گیا ہے اُن میں فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے فاطمہ، آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کارہ و پروڈیوسر شرمین عبید چنائے، گلوکار عاصم اظہر، اداکار خالد عثمان بٹ، ثروت گیلانی، ہدایت کار مصدق ملک، اداکارہ ایمن خان، منال خان اور اداکارہ میرا سیٹھی کے نام شامل ہیں۔

اداکار کے وکیل کے مطابق قانونی نوٹس میں شامل لوگوں کو 15 دن میں معافی مانگنے کی مہلت دی گئی ہے، جس میں اُن سے تحریری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو ان پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ مذکورہ شخصیات نے شواہد کے بغیر ہی ان کے مؤکل کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم چلائی اور انہیں بدنام کیا۔

فیروز خان کے وکیل نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اداکار کے خلاف عدالت میں کوئی بھی گھریلو تشدد کا مقدمہ زیر سماعت نہیں ہے۔

واضح رہے فیروز خان اور علیزے فاطمہ نے شادی کے 4 سال بعد ستمبر 2022 میں راہیں جدا کرلی تھیں، اور ان کی اہلیہ نے ان پر گھریلو تشدد کا الزام لگا کر سوشل میڈیا پر تصاویر بھی شئیر کی تھیں۔

جس کے بعد کئی نامور ستاروں نے فیروز خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، اور ان سے لاتعلقی کا اظہار بھی کیا۔ یاد رہے فہروز خان اور علیزے فاطمہ کے دو بچے ہیں، جو اس وقت والدہ کے پاس ہیں۔

Related Posts