کراچی :ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر کارروائی کرکے کالے شیشے کے جعلی اجازت نامے دینے والے شخص کوگرفتارکرلیا۔
ملزم نے پیسوں کے عوض کئی لوگوں کو جعلی اجازت نامے فروخت کیے تھے۔ملزم نے جعلی فیس بک آئی ڈی بھی بنا رکھی تھی جس سے وہ اپنے آپ کو وزارت داخلہ کا افسر ظاہر کرتا تھا۔
ملزم اعزاز خٹک کے خلاف دھوک دہی، جعلسازی، فراڈ اور سائبر کرائم قوانین کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا گیا ہے۔گرفتار ملزم کو کل بسلسلہ حصول ریمانڈ عدالت میں پیش کیا جائیگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے سائبر کرائم سرکل کراچی کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الغفار کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرکے باقاعدہ گرفتار کر لیاتھا ۔
ملزم کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل میں ایک مقدمہ پہلے سے درج تھاجس میں ملزم ضمانت پر تھا،ملزم پر آئی ٹی کمپنی سے چھ کروڑ تیس لاکھ روپے لینے کا الزام تھا۔