مولے نو مولا نہ مارے تے مولا نہیں مردا: آخر کار ایک طویل انتظار کے بعد دی لیجینڈ آف مولا جٹ ریلیز ہوچکی ہے، ایکشن، رومانس اور سنسنی سے بھرپور فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ پہلے ہی روز تقریباََ 10 کروڑ کا بزنس کرنے کے بعد پاکستان کی بہترین فلم میں سے ایک تصور کی جارہی ہے۔
فلم کی کاسٹ تو بہترین تھی ہی لیکن ڈاریکٹر بلال لاشاری بھی اپنی مثال آپ ہیں۔ شائقین کو اس فلم سے بھرپور امیدیں تھیں اور یہ فلم ان کی امیدوں پر کافی حد تک پوری بھی اتری۔ ایم ایم نیوز نے فلم دیکھنے کے بعد لوگوں سے بات کی، اس دوران ناظرین کے دلچسپ تبصرے سامنے آئے۔
ناظرین میں ایک لڑکی نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ اس فلم کو دیکھنے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ میں اداکار فواد خان کی بہت بڑی فین ہوں لیکن ساتھ ساتھ اس فلم کا ٹریلر بھی بہترین تھا۔ ایک عرصے بعد پاکستانی سینما میں اس طرح کی فلم دیکھنے کو مل رہی ہے، یہ فلم پکا 50 کروڑ کا بزنس کرے گی۔
فلم دیکھنے آئے ناظرین میں زیادہ تر لوگ اپنے دوست اور فیملی کے ہمراہ سینما آئے تھے۔ فلم دیکھنے آئیں 3 دوستوں نے فلم کے بارے میں کچھ دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک لڑکی کا کہنا تھا کہ یہ اب تک کی سب سے بڑی فلم ہے، بہت انتظار کروایا اس فلم نے، ایک وقت پر لگ رہا تھا کہ فلم متنازعات کا شکار ہوگئی ہے اور اب ریلیز نہیں ہوپائے گی لیکن آخر کار فلم ریلیز ہوگئی ہے اور پاکستان کی ایک بہترین فلم لگ رہی ہے۔ اس دوران دوسری لڑکی نے کہا کہ ہمارے لیے اب یہ فخر کی بات ہے کہ ہم اپنی انڈسٹری کی فلم پر پیسے لگا رہے ہیں۔
ناظرین نے مولا جٹ کا مشہور جملا بولتے ہوئے کہا کہ یہ بہترین فلم تھی، اسکے مکالمے بھی بے حد پسند آئے۔ فلم کے بارے میں ناظرین کی جانب سے کوئی برا تبصرہ نہیں آیا تاہم ناظرین میں ایک نے تبصرہ دیتے ہوئے کہا کہ فلم میں گانوں کی کمی محسوس ہوئی لیکن ساتھ کھڑے دوسرے نے فوری طور پر کہا کہ سب سے اچھی بات ہی یہ تھی کہ فلم میں کوئی گانا نہیں تھا۔
فلم دیکھنے آئے ناظرین میں سے ایک نے کہا کہ حمزہ علی عباسی کا کردار بہترین تھا اور انہوں نے اداکاری بھی بہت اچھی کی، فلم میں اداکاری میں حمزہ نے فواد خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ لیکن اس کے برعکس دوسرے ناظرین نے فلم میں فواد خان کی اداکاری کو بہترین کہا۔
فلم دیکھنے آئی ایک خاتون نے تبصرہ دیتے ہوئے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ بلال لاشاری کی فلم میں کسی ایک کردار کو بہترین نہیں کہہ سکتے، ان کے سبھی کردار بہترین ہوتے ہیں۔
صوبہ پنجاب سے آئے ناظرین نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ فلم کے کردار پنجاب کے ہیں اور وہیں کی ثقافت دکھائی گئی ہے، نوری اور دارو کا کردار بہترین تھا۔ کل فلم دیکھ کر مزہ آگیا اسی لیے آج پھر دیکھنے آیا ہوں۔
فلم کو ریٹنگ دیتے ہوئے زیادہ تر لوگوں نے فلم کو پورے نمبر دیے جبکہ کچھ نے 10 میں سے 9 نمبر بھی دیے۔ اس دوران ناظرین کا کہنا تھا کہ فلم کے ساونڈ افیکٹ بہت اچھے تھے اور فلم ناظرین پر ایک بہترین تاثر چھوڑتی ہے، لوگوں کو فلم ایک مرتبہ تو ضرور دیکھنی چاہیے۔
ناظرین کو فلم کا پنجابی زبان میں ہونا بھی خوب پسند آیا ہے، ناظرین کہتے ہیں کہ پاکستانی سینما کی رونقیں کہیں کھو گئی ہیں اور ایسی دلچسپ فلم نا صرف سینما کی رونقیں بہال کرتی ہیں بلکہ دیگر ممالک میں بھی پاکستانی فلم انڈسٹری کے بارے میں اچھے تاثرات دیتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








