امریکی شخص نے 7 سال کے دوران 42 بار پروپوزل مسترد ہونے کے باوجود ہار نہ مانی اور بالاخر 43 ویں مرتبہ پروپوز کرکے محبوبہ کو شادی کیلئے منا لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ لیوک ونٹرپ نے اپنی 38 سالہ گرل فرینڈ سارا سے ’ہاں’ سننے کیلئے 7 سالوں تک انتظار کیا، اس عرصے کے دوران لیوک نے سارا کو 42 مرتبہ شادی کی پیشکش کی لیکن انھیں ہر بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
شادی ہو ہی گئی
نیویارک پوسٹ کے مطابق لیوک 2018 سے سارا سے شادی کے خواہشمند تھے لیکن سارا نے 7 سال تک انکار کرنے کے بعد بالاخر 2025 میں لیوک کی شادی کی پیشکش قبول کی اور یوں جوڑے نے رواں برس 17 مئی کو شادی کرتے ہوئے محبت کی ایک نئی داستان رقم کر دی۔
محبوبہ کیوں انکار کرتی رہی؟
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2018 میں سارا نے 3 بیٹیوں کے ہوتے ہوئے اپنے شوہر سے طلاق لے لی تھی جس کے بعد ان کی لیوک سے دوستی ہوئی لیکن اس دوستی کے 6 ماہ بعد ہی لیوک نے انھیں پہلی مرتبہ شادی کی پیشکش کردی جسے سارا نے بچیوں کا حوالہ دیتے ہوئے رد کر دیا۔
سارا کے مطابق ’مجھے لیوک سے اس کی توقع نہیں تھی، میں اس وقت بھی لیوک سے پیار کرتی تھی لیکن شادی کے لیے ‘ہاں’ نہیں کہنا چاہتی تھیں‘، سارا کے مطابق میرے انکار پر لیوک نے کہا آپ کا انکار قبول ہے لیکن میں یہ پیشکش کرتا رہوں گا۔
رپورٹ کے مطابق7 سالوں کے دوران لیوک نے سارا کو دنیا کے مختلف خوبصورت مقامات پر یہی پیشکش کی لیکن ہر بار سارا کی طرف سے انکار ہی ملا، 42 ویں پروپوزل پر سارا نے لیوک کو امید دلائی کہ وہ اگلی بار ان کی یہ پیشکش قبول کر لیں گی۔
لندن میں خوش قسمت لمحہ
اس پیشکش کے بعد لیوک نے ایک سال مزید انتظار کیا اور پھر ساؤتھ ایسٹ لندن کے گرین وچ میں ’Royal Observatory ‘ کے مقام پر یہ کہتے ہوئے پروپوز کیاکہ ، ‘یہ جگہ دنیا کا مرکز ہے لیکن تم میری دنیا کا مرکز ہو اور میں چاہتا ہوں کہ تم مجھ سے شادی کر لو’۔
سارا کا کہنا ہے کہ بالاخر لیوک نے میرا دل جیت لیا اور لیوک کا نام اب گنیز ورلڈ ریکارڈ میں ہونا چاہیے، خوش قسمت ہوں کہ لیوک مجھ سے شادی کیلئے اتنے عرصے تک ڈٹے رہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








