کراچی: شہر قائد میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث شہری انتظامیہ نے عوامی مقامات پر ماسک نہ لگانے والوں کو جرمانہ کرنے کی تجویز دیدی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو ایس او پیز کی خلاف ورزی اور عوامی مقامات پر ماسک نہ لگانے والے شہریوں کو 1000 روپے جرمانے کی تجویز دی ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افتخار شالوانی نے کہا کہ شہرکے مسائل حل کرنے کیلئے مقامی ، صوبائی اور وفاقی حکومت ایک پیج پر ہیں۔ پانی کی قلت ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ شہر کو درپیش تین بڑے مسائل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کو تجویز دی گئی ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں کو 1000 روپے جرمانہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ کراچی کے بیشتر مقامات پر دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کی اطلاعات بھی موصول ہورہی ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی کا کہنا ہے کہ شہری ایس او پیز پر عمل کرکے موذی وباء سے محفوظ رہ سکتے ہیں تاہم جو لوگ ماسک نہیں لگاتے انہیں جرمانے کرکے ماسک لگانے پر قائل کیا جاسکتا ہے۔