کراچی کے علاقے لانڈھی کے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں واقع پلاسٹک بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی سے بھاری نقصان ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پالیا گیا جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں 11 گھنٹے لگ گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پلاسٹک، پرانے کپڑے اور جوتے بنانے والی 2 فیکٹریوں میں لگی تھی۔
چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ ایک فیکٹری میں لگنے والی آگ نے دوسری فیکٹری کو بھی لپیٹ میں لے لیا تاہم فائر بریگیڈ نے آگ کو مزید پھیلنے سے روکتے ہوئے تیسری فیکٹری کو آتشزدگی سے بچا لیا ہے۔
جمعے کی رات پونے 9 بجے لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دیا گیا تھا۔ پاک بحریہ، کے ایم سی اور ریسکیو 1122 کے 20 سے زائد فائر ٹینڈرز اور 3 اسنارکلز نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔
کمشنر کراچی کے مطابق واقعے کے نتیجے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم دونوں فیکٹریوں میں بڑے پیمانے پر آتشزدگی کے نتیجے میں فیکٹریوں کا لاکھوں روپے کا سازوسامان جل کر راکھ ہوگیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








