کراچی: نیو سبزی منڈی میں آتشزدگی، کئی دکانیں آگ کی لپیٹ میں آگئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

آگ لگ گئی
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے علاقے نیو سبزی منڈی کے شیڈز میںآگ لگ گئی ہے، جس کے نتیجے میں کئی دکانیں آتشزدگی کی لپیٹ میں آگئی ہیں، درجنوں دکانوں میں آتشزدگی سے بھاری نقصان کا خدشہ ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی آگ بجھانے میں مصروف ہے، تاہم سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی آتشزدگی کی ویڈیوز میں دھویں کے سیاہ بادلوں کو آسمان کی جانب بلند ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ڈپٹی میئر کا نوٹس اور کارروائی

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے نیو سبزی منڈی میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے آگ پر قابو پانے کیلئے فوری ہدایات جاری کیں اورمتأثرہ علاقوے کو محفوظ بنانے کے اقدامات کی نگرانی کی۔فائر بریگیڈ کی گاڑی کے علاوہ ریسکیو 1122 کا عملہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچا اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں تیز کردی گئیں۔

سلمان عبداللہ مراد کی جانب سے آگ بجھانے کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایات پر سبزی منڈی کے متأثرہ حصے  کو محفوظ بنانے کی کوششیں کی گئیں۔ شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ کنٹرول میں ہے اور کسی قسم کا مزید خطرہ نہیں۔ فائر بریگیڈ حکام اور ریسکیو 1122 عملہ متأثرہ علاقے کی حفاظت کیلئے مسلسل رابطے میں ہے۔

ماضی قریب کی آتشزدگی

یاد رہے کہ اس سے قبل کوئٹہ کے نجی پلازہ میں آتشزدگی سے درجنوں دکانیں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔ برنس روڈ پر واقع نجی پلازہ میں لگنے والی آگ نے بجلی کے ٹرانسفارمر کو لپیٹ میں لے لیا تھا۔

 کوئٹہ کے پرنس روڈ پر نجی پلازا میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے، آگ سے درجنوں دکانیں جل گئیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کی 6 اور پی ڈی ایم اے کی 4گاڑیوں نے حصہ لیا۔

اس سے قبل ہفتے کی رات کو کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق جبکہ 80 سے زائد لاپتہ ہوگئے۔ آگ لگنے کے باعث عمارت میں موجود 1200 سے زائد دکانیں جل کر راکھ کر ڈھیر بن گئیں۔ متعدد افراد کی ہلاکت بھگدڑ اور دھویں سے دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔

Related Posts