کراچی، کورنگی کی الیکٹرانکس فیکٹری میں آتشزدگی سے بھاری نقصان

تازہ ترین

تازہ ترین

فیکٹری میں آتشزدگی
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے علاقے کورنگی میں الیکٹرانکس فیکٹری میں آتشزدگی سے بھاری نقصان ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں آگ بجھانے کے آلات موجود نہیں تھے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی میں واقع الیکٹرانکس فیکٹری میں لگنے والی آگ بجھا دی گئی ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے عمل میں 6فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا جبکہ اس وقت فیکٹری میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔

فائر بریگیڈ حکام نے کہا کہ الیکٹرانکس آئٹمز کے کمپریسر پھٹنے کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔ کورنگی کی الیکٹرانکس فیکٹری میں آگ بجھانے کے آلات دستیاب نہیں تھے جبکہ آتشزدگی کے باعث فیکٹری کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ الیکٹرانکس فیکٹری میں آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ عموماً فیکٹریوں یا دفاتر میں آگ بجھانے کے آلات موجود نہیں ہوتے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں موجود سندھ گورنمنٹ اسپتال کی ایمرجنسی میں آگ لگنے سے سات افراد جھلس گئے۔فائر بریگیڈ حکام واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ عمارت میں دھواں بھر جانے سے امدادی کارروائی میں دشواری کا سامنا تھا۔

آج سے 5 ماہ قبل ہونے والی آتشزدگی کے دوران جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے بی ڈی ایس کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ایمرجنسی روم میں شارٹ سرکٹ ہوا جس سے آگ لگی اور پھر کمرے میں فریج کا کمپریسرپھٹا۔

Related Posts