وادئ نیلم کے گھنے اور خوبصورت جنگلات میں آتشزدگی عروج پر ہے جس نے جنگلی حیات کے ٹھکانے تباہ کرکے نایاب جڑی بوٹیوں کو بھی جلا کر راکھ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وادئ نیلم میں لگنے والی آگ کے شعلوں نے متعدد پہاڑی ڈھلوانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ جنگل کی یہ آگ قیمتی درختوں اور نایاب جڑی بوٹیوں کو تباہ کر رہی ہے جو اس خطے کی پہچان کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ خشک پتے، گھاس اور پہاڑی ڈھلوانوں پر خشک تہہ آگ کو مزید تیز کر رہی ہے۔
آتشزدگی سے متأثرہ علاقے میں جنگلی حیات بھی متأثر ہورہی ہے۔ پرندوں کے گھونسلے اور پہاڑی جانوروں کے ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ جڑی بوٹیوں کے ساتھ پودے اور چھوٹے جاندار بھی آگ میں جل کر بھسم ہورہے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وادئی نیلم میں گزشتہ 4روز سے بھڑکتی ہوئی آگ کا دائرہ پھیل رہا ہے جبکہ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش شروع کردی۔
تاہم پہاڑی علاقے میں ناکافی وسائل اور تربیت کی کمی کے باعث آتشزدگی پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سرکاری ادارے اب تک اس صورتحال کے خلاف کوئی بھی مؤثر ردِ عمل نہ دے سکے۔ چند ماہ قبل مون سون کے دوران بھی اربوں مالیت کی قیمتی لکڑی سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئی تھی۔ اگر یہ سلسلہ یونہی جاری رہا تو یہ خطہ بہت جلد اپنے قدرتی سرمائے سے محروم ہوسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








