کراچی میں واقع گھر میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ماں باپ سمیت ایک ہی خاندان کے 7افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گھر میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ شہرِ قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا۔ سیکٹر ساڑھے 11 میں آگ مبینہ طور پر گیس لیکیج کے باعث لگی جس سے 2 خواتین سمیت 7افراد زخمی ہوئے۔
پڑھائی سے تنگ بچے نے خود کشی کرلی
زخمی افراد میں میاں بیوی حسن آراء اور ریاض کے علاوہ ان کے بیٹے انس، اویس اور علی رضا کے علاوہ بیٹی علیزے بھی شامل ہیں، جبکہ حادثے کا ذمہ دار گیس کمپنی کو ٹھہرایا جارہا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3سال سے گیس لیکیج کا مسئلہ جوں کا توں ہے۔ سوئی گیس حکام کو متعدد مرتبہ لیکیج کا مسئلہ حل کرنے کیلئے درخواستیں دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہوسکی۔
شہرِ قائد میں گھر یا فیکٹریوں میں آتشزدگی کے واقعات معمول بنتے جارہے ہیں جس کی وجہ فائر سیفٹی کے اقدامات سے پہلو تہی اور گیس لیکیج سمیت دیگر اہم مسائل ہیں جن پر توجہ نہیں دی جاتی۔
عوام کا کہنا ہے کہ گھر میں آتشزدگی کا واقعہ گیس لیکیج کے باعث پیش آیا۔ فائر بریگیڈ کے ایک فائر ٹینڈر نے آگ بجھائی جبکہ زخمیوں کو سول ہسپتال کراچی کے برنس وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








